کابل، 6؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہندوستانی سفارت خانے ’انڈیا ہاؤس‘کے قریب ایک دھماکہ ہوا ہے۔کابل میں تعینات ہندوستانی سفیر من پریت ووہرا کے علاوہ ہندوستانی سفارت خانے کے دیگر افسران بھی اسی احاطے میں رہتے ہیں۔شروعاتی معلومات کے مطابق، کابل کے سفارتی علاقے میں واقع ایک ہندوستانی سفارت خانے کے اندر بنے ٹینس کورٹ میں ایک راکٹ گرا، اسی راکٹ کی وجہ سے یہاں دھماکہ ہوا ہے۔یہ واقعہ صبح کے تقریبا سوا 11بجے پیش آیا ۔اس دھماکے میں کسی کے مارے جانے کی اطلاع نہیں ہے۔سفارت خانے کے تمام افسر ان اور سفارتی عملہ محفوظ ہیں۔ٹولو نیوز کے مطابق، مقامی سیکورٹی ذرائع نے بھی اس دھماکے کی تصدیق کی ہے۔سیکورٹی حکام نے بتایا کہ شہر کے شاش دارک علاقے سے ایک دھماکے کی آواز سنی گئی ہے، ابھی تک اس واقعہ میں کسی کے بھی ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے، یہ راکٹ کہاں سے آیا اور کس نے چھوڑا، اس کی بھی کوئی معلومات نہیں مل سکی ہے۔تقریبا ایک ہفتہ پہلے ہی کابل میں ایک ٹرک کے اندر شدید بم دھماکہ ہوا تھا۔اس واقعہ میں مرنے والوں کی تعداد 150ہو گئی ہے۔2001میں طالبان کا اقتدار ختم ہونے کے بعد سے کابل میں ہوا یہ سب سے بڑا حملہ تھا، اس دھماکے کے بعد کابل میں سیکورٹی کافی بڑھا دی گئی ہے۔